اسلام آباد: پاکستان نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جارحانہ اقدام مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، شہری تنصیبات اور معاشی مراکز کو مسلسل نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حملے خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں جنہیں فی الفور بند ہونا چاہیے، پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اپنے شہریوں و مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔


















