اسلام آباد: رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 8 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مجموعی وصولیاں 1,126 ارب 34 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 83 ارب 93 کروڑ روپے زیادہ وصول کیے گئے۔ گزشتہ سال کے پہلے 9 ماہ میں اس مد میں 1,042 ارب 41 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے مارچ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 382 ارب 56 کروڑ روپے وصول کیے گئے جبکہ اپریل سے جون تک یہ وصولیاں 362 ارب 27 کروڑ روپے رہیں۔ جولائی سے ستمبر کے دوران مزید 382 ارب 56 کروڑ روپے جمع کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے 9 ماہ میں کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی 46 ارب 93 کروڑ روپے وصول ہوئے جس کے بعد پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی سمیت مجموعی وصولیاں 1,173 ارب روپے سے تجاوز کرگئیں۔
حکومت نے رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 1,727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال پیٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولی 1,567 ارب 45 کروڑ روپے رہی تھی۔
واضح رہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی وصول کی جا رہی ہے۔ پیٹرولیم لیوی وفاقی حکومت کی نان ٹیکس آمدن کا حصہ ہے اور اس میں صوبوں کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت کوئی حصہ نہیں ملتا۔



















