فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشواروں میں غلطیوں، تضادات اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے لیے خودکار جانچ پڑتال کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت ٹیکس دہندگان کو قانونی کارروائی سے پہلے اپنی غلطیاں درست کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی شق 38 بی شامل کرتے ہوئے اس حوالے سے ایس آر او جاری کردیا ہے۔ نئے نظام کے تحت انکم ٹیکس گوشواروں میں حقائق اور قانونی غلطیوں کی نشاندہی خودکار طریقے سے کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کو گوشواروں میں سامنے آنے والی غلطیوں اور بے ضابطگیوں سے آئی آر آئی ایس (IRIS) کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ وضاحت پیش کرنے یا غلطیوں کی اصلاح کے لیے 7 دن کی مہلت دینا لازمی ہوگا۔
ٹیکس دہندہ کی جانب سے مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے پر دوبارہ یاد دہانی کا نوٹس بھیجا جائے گا۔ خودکار نظام کی نشاندہی کردہ تضادات پر ایف بی آر افسران پیشگی نوٹس جاری کرسکیں گے۔
نئے طریقہ کار کے تحت ٹیکس دہندگان کو بھیجے گئے نوٹسز، ان کے جوابات اور متعلقہ کارروائی کا مکمل ریکارڈ ڈیش بورڈ پر محفوظ کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کی وضاحت کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کرے گا۔
ایف بی آر کے مطابق نئے نظام میں ڈیٹا کے تجزیے اور مختلف ریکارڈز کی کراس میچنگ کے ذریعے ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس سے غلطیوں اور بے ضابطگیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوسکے گی۔
















