کراچی: آن لائن خریداری کے دوران بڑھتے ہوئے فراڈ کے واقعات کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن شاپنگ کرتے وقت غیر معروف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز سے محتاط رہیں کیونکہ جعلی آن لائن اسٹورز، گمراہ کن آفرز اور فراڈ کرنے والے عناصر شہریوں کی رقم اور ذاتی معلومات چوری کرسکتے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق کسی بھی ویب سائٹ یا آن لائن اسٹور سے آرڈر دینے سے پہلے فروخت کنندہ کی ساکھ اور صارفین کے ریویوز ضرور چیک کریں جبکہ خریداری کے لیے صرف مستند اور قابل اعتماد ویب سائٹس کا انتخاب کریں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر معمولی کم قیمتوں اور پیشگی ادائیگی کے مطالبات پر فوری اعتماد نہ کریں کیونکہ غیر حقیقی ڈسکاؤنٹس اور محدود وقت کی آفرز اکثر فراڈ کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
شہریوں کو آن لائن خریداری کے دوران محفوظ ادائیگی کے طریقے اپنانے، بینک کارڈز اور مستند پیمنٹ گیٹ ویز استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے زور دیا ہے کہ کسی بھی خریداری سے پہلے متعلقہ ویب سائٹ کی ریٹرن پالیسی کی تصدیق بھی ضرور کریں تاکہ رقم اور ذاتی معلومات کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھا جاسکے۔

















