Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور میں مولانا فضل الرحمان کے گرد پولیس کا پہرہ، وکلا سے ویڈیو لنک پر خطاب

وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور براہ راست وکلا سے گفتگو نہیں کرسکے، جے یو آئی رہنما

لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے ان کی نقل و حرکت محدود کردی گئی، جس کے باعث وہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں خود شرکت نہ کرسکے۔

جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے، جہاں آج انہیں وکلا سے خطاب کرنا تھا، تاہم پولیس نے ان کی رہائش گاہ کے اطراف نفری تعینات کرکے راستے بند کردیے اور متعلقہ سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر بھی کھڑا کردیا۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ علاقے کے رہائشیوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صورتحال کے باعث مولانا فضل الرحمان نے لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور حکومتی رکاوٹوں کے باعث براہ راست وکلا سے گفتگو نہیں کرسکے۔ پورے لاہور میں راستے بند اور ناکے قائم ہیں، جب کہ ایک شہری کو دانشوروں کی محفل میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جبر ہمیشہ باقی نہیں رہتا، البتہ صبر کو تاریخ میں دوام حاصل ہے۔ ان کی جماعت ملک میں امن کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے قربانیاں بھی دیتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری کے لیے کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے سند لینے کی ضرورت نہیں، جے یو آئی کا کوئی کارکن دباؤ کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پولیس اقدام کو بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنائی جائے اور تمام رکاوٹیں فوری ہٹائی جائیں۔

دوسری جانب جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حافظ نصیر احمد احرار نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور مولانا کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعیناتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جماعت کی ریڈ لائن ہیں۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ میں بھی اس معاملے پر درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو کسی قانونی حکم نامے کے بغیر ان کی رہائش گاہ تک محدود کر رکھا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں مبینہ حراست سے آزاد کرانے اور آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ خبریں