Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشت گرد ہلاک

ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں

راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے 20 نومبر سے انسداد دہشت گردی کی متعدد کارروائیاں کیں جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ 20 نومبر کو نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 21 نومبر کو سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں کیے گئے آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں