Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرخ گلاب، موم بتیاں اور محبت بھرا اظہار؛ مومنہ اقبال شوہر کی محبت دیکھ کر نہال

مومنہ اقبال نے شوہر کو زندگی کا اجالا قرار دے دیا، خوبصورت پیغام وائرل

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کو ان کے شوہر حمزہ حبیب نے ایک خوبصورت اور یادگار سرپرائز دے کر خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

سرخ گلابوں سے سجی خوبصورت سجاوٹ، موم بتیوں کی روشنی، کیک اور پھولوں کے خصوصی اہتمام نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔ اپنے شوہر کی جانب سے اس محبت بھرے اظہار پر مومنہ اقبال بے حد خوش اور جذباتی دکھائی دیں۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس خاص موقع کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ ایک ویڈیو میں حمزہ حبیب اپنی اہلیہ پر محبت نچھاور کرتے اور ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کاش یہ تصاویر اور ویڈیوز اس دن کی خوبصورتی، ان کے شوہر کی محبت کی گہرائی اور اپنے احساسات کو مکمل طور پر بیان کر سکتیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Momina Iqbal (@momina.iqbal)

اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ میری زندگی کا اجالا ہیں، آپ نے میری دنیا کو نئے رنگوں سے بھر دیا اور میری زندگی کو پہلے سے کہیں زیادہ خوبصورت اور بامعنی بنا دیا ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں کہ بیان کرسکوں کہ آپ کا میری زندگی میں ہونا میرے لیے کتنی بڑی خوش قسمتی ہے۔ آپ نے مجھے اس طرح مکمل کیا ہے جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شوہر کی موجودگی ان کی زندگی میں جو سکون، خوشی اور مسرت لاتی ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس خوشی اور ساتھ کو ان کی آخری سانس تک قائم رکھے۔

مومنہ اقبال نے اس خوبصورت سرپرائز پر اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح اس دن کو بھی خاص اور یادگار بنا دیا، بالکل اسی طرح جیسے وہ ان کی زندگی کے ہر دن کو خوبصورت بناتے ہیں۔

اداکارہ نے حمزہ حبیب کو دنیا کا بہترین شوہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے ان کی شریکِ حیات ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں