Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کی اہم شاہراہیں بند، شارع فیصل اور سپر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام، شہری رُل گئے

ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل پر بلوچ پل سے آگے دونوں اطراف کی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے

کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی بندش اور احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، شارع فیصل اور مین سپر ہائی وے کے مختلف مقامات پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل پر بلوچ پل سے آگے دونوں اطراف کی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، عوامی مرکز سے شہر آنے والی گاڑیوں کو بلوچ پل سے محمودآباد کی جانب موڑا جا رہا ہے جبکہ ٹریفک کو فوزیہ وہاب برج کے نیچے سے ٹیپو سلطان اور شہید ملت روڈ کی طرف بھی منتقل کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب احتجاج کے باعث مین سپر ہائی وے پر الاصف اسکوائر کے قریب آنے اور جانے والے دونوں راستے بند ہیں۔ حیدرآباد سے آنے والی ٹریفک کو پنجاب اڈا، ٹوٹل پمپ اور فاریہ چوک کی جانب جبکہ سہراب گوٹھ سے حیدرآباد جانے والی گاڑیوں کو گلشن اقبال کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ شاہراہوں سے گریز کریں اور متبادل راستوں کے انتخاب کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔ شارع فیصل سمیت مختلف مقامات پر ٹریفک اہلکار تعینات ہیں جو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں