کراچی میں سانحہ ایڈمن سوسائٹی کے بعد سندھ حکومت نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دیتے ہوئے تمام غیر قانونی عمارتوں کا تعمیراتی کام فوری روکنے اور غیر آباد عمارتیں مسمار کرنے کی ہدایت کردی۔
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بلال احمد میمن کی جانب سے جاری حکم نامے میں اسٹے آرڈر والی عمارتوں پر بھی تعمیراتی کام بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ڈیمولیشن کمیٹیوں کو کارروائیوں میں معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
غیر قانونی تعمیرات سے متعلق عدالتی مقدمات ترجیحی بنیادوں پر لڑنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو سونپی گئی ہے۔
سانحہ ایڈمن سوسائٹی کے بعد ایس بی سی اے کا انہدامی آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، ڈائریکٹر ڈیمولیشن بھاری مشینری اور عملے کے ہمراہ جائے وقوع پر موجود ہیں جہاں ملبہ ہٹانے اور عمارت کے خطرناک حصوں کو منہدم کرنے کا کام جاری ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشن فرحان قیصر کے مطابق گزشتہ روز 12 زیر تعمیر عمارتیں سیل کی گئی تھیں جبکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
فرحان قیصر کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر وسطی کی نشاندہی پر ضلع وسطی سمیت شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، انسانی جانوں سے کھیلنے والوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈرز کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کی ہدایت پر سمن آباد، گلبرگ اور ناظم آباد میں رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 20 سے زائد تعمیرات کو نشانہ بنایا گیا اور متعلقہ پلاٹس سیل کردیے گئے۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز ناظم آباد اور گلبرگ نے کی جبکہ علاقائی پولیس اور کے ڈی اے کی ٹیم بھی کارروائی میں شریک تھی۔
ڈپٹی کمشنر وسطی نے واضح کیا ہے کہ رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
















