رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان شاہینز ٹائٹل جیتنے سے محروم ہوگئے، سری لنکا اے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی۔
دوحا میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا اے کے لیے 217 رنز کا ہدف مقرر کیا، قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 216 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے شاہزیب خان نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، انہوں نے اپنی بیٹنگ کے دوران 4 چوکے لگائے، شمائل حسین 40 اور کپتان عبدالصمد 33 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے نے آخری مراحل تک مقابلہ جاری رکھا اور 42ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ رنز مکمل کرلیے، سری لنکن ٹیم کی آخری وکٹ نے 19 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
سری لنکا اے کی جانب سے نشان مدوشکا 87 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پون رتنائیکے نے 30 رنز اسکور کیے، پاکستان شاہینز کی جانب سے علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔



















