Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیٹے کی جدائی کا صدمہ، ماں کے لیے ڈیجیٹل کلون تیار

ایک چینی خاندان نے ماں کو بیٹے کی انتقال کی خبر دینے بجائے اس کے لیے ڈیجیٹل کلون تیارکرلیا

کسی بھی ماں کے لیے سب سے بڑا صدمہ اس کی اولاد کی جدائی ہوتی ہے اور اگر ماں امراض قلب میں مبتلا ہوتو یہ صورت حال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ایک چینی خاندان نے ماں کو بیٹے کی انتقال کی خبر دینے بجائے اس کے لیے اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل کلون تیارکرلیا تاکہ اس کی 80 سالہ ماں کو حقیقت جاننے کے صدمے سے بچایا جا سکے۔

تاہم اس خبر کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا۔

چینی اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ کے مطابق ایک خاندان نے ایک ایسے شخص کا اے آئی کلون تیار کروایا جس کا انتقال ایک کار حادثے میں ہوگیا تھا تاکہ اس کی والدہ ویڈیو کال کے ذریعے اس سے بات چیت جاری رکھ سکیں۔

اس خاندان کی تفصیلات تو ظاہر نہیں کی گئیں تاہم یہ واقعہ اس ڈیجیٹل کلون کے ڈویلپر کی جانب سے سامنے آیا جس سے متوفی کے بیٹے نے رابطہ کیا تھا۔

یہ ڈیجیٹل ماڈل تصاویر، ویڈیوز اور آواز کی ریکارڈنگز کی مدد سے تیار کیا گیا تھا اوربتایا جاتا ہے کہ یہ حیران کن حد تک حقیقی شخص سے مماثلت رکھتا ہے۔

اس میں متوفی کی آواز، لہجہ، بولنے کا انداز، اور یہاں تک کہ اس کی خاص عادات جیسے بات کرتے وقت آگے جھکنا بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس شخص کی 80 سالہ والدہ کو ابھی تک اس کی موت کے بارے میں نہیں بتایا گیا اور وہ اب بھی یہی سمجھتی ہیں کہ ان کا بیٹا کسی دوسرے شہر میں کام میں مصروف ہے۔

 خاندان ماں کے لیے  اے آئی کلون کے ساتھ ویڈیو کالز کا انتظام کرتا ہے جس میں بوڑھی خاتون اپنے’’بیٹے‘‘ کو صحت کا خیال رکھنے اچھا کھانا کھانے اور گرم کپڑے پہننے کی تلقین کرتی ہیں جبکہ دوسری جانب فرضی بیٹا انہیں یقین دلاتا ہے کہ وہ جلد ہی ان سے ملنے آئے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ متوفی اپنی والدہ کا اکلوتا بیٹا تھا اور چونکہ وہ امراض قلب میں مبتلا ہیں اس لیے خاندان نے فیصلہ کیا کہ انہیں اس صدمے سے بچایا جائے۔

یہ معاملہ چینی سوشل میڈیا پر تنازع کا باعث بن گیا جہاں کچھ لوگ اسے محبت اور ہمدردی کا مظاہرہ سمجھتے ہیں جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ خاتون کو سچ جاننے کا حق تھا بجائے اس کے کہ انہیں ایک ڈیجیٹل کلون کے ذریعے دھوکے میں رکھا جائے۔

یہ عجیب واقعہ اس دل کو چھو لینے والے واقعے کی بھی یاد دلاتا ہے جس میں ایک پولیس افسر نے کئی سال تک ایک خاتون کے مرحوم بیٹے کا روپ دھار کر اس کی دل جوئی کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version