سالگرہ کی تقریب کا ہر لمحہ خوشیوں سے بھرا ہوتا ہے جو برتھ ڈے بوائے یا گرل کو عمر بھریاد رہتا ہے تاہم کبھی یہی خوشگوار دن سانحہ میں بھی تبدیل ہوجاتا ہے ایسا ہی واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں نوجوان نے چہرے پر کیک لگانے پر تین دوستوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
یہ واقعہ بھارت کے شہربولان دشہر میں پیش آیا جہاں سالگرہ کی تقریب اس وقت سانحے میں بدل گئی جب سالگرہ منانے والے نوجوان نے اپنے تین دوستوں کو صرف اس وجہ سے گولی مار کر قتل کر دیا کہ انہوں نے اس کے چہرے پر کیک لگا دیا تھا۔
سالگرہ کے موقع پر چہرے پر کیک لگانا ایک عام روایت ہے اور اگرچہ کبھی کبھار یہ مذاق خراب بھی ہو جاتا ہے لیکن اس بنیاد پر قتل کا واقعہ نہایت غیر معمولی ہے۔
یہ واقعہ گزشتہ ہفتے کھرجا کے ایک جم میں پیش آیا جہاں جیتو سینی نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منا رہا تھا جب کیک پیش کیا گیا تو اس کے کچھ دوستوں نے مذاقاً اس کے چہرے پر کیک لگا دیا لیکن اس نے اس حرکت پر غیر متوقع طور پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیک ناقص کیوں دیا؟ شہری نے بیکری کو لیگل نوٹس بھیج دیا
عینی شاہدین کے مطابق 33 سالہ جیتو سینی کی اپنے دوستوں امردیپ سینی، منیش سینی اور آکاش سینی سے تلخ کلامی ہوئی۔ اس کے بعد وہ جم سے باہر چلا گیا لیکن کچھ دیر بعد وہ اپنے ساتھ چند افراد اور ایک لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر واپس آیا۔
متاثرہ شخص کے بھائی سنجے سینی کے مطابق جیتو نے واقعے کی رات اسے فون کر کے شکایت کی کہ اس کے بھائی نے اس کی سالگرہ میں اس کی بے عزتی کی اور نازیبا زبان استعمال کی۔ سنجے نے اسے تسلی دینے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ اگلے دن معاملہ حل کرے گا لیکن اسے موقع نہ مل سکا۔
رپورٹس کے مطابق جیتو سینی نے واپس آ کر تینوں افراد پر فائرنگ کر دی اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھ پاتا اس کے بعد پیدا ہونے والی افراتفری میں وہ اور اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے اور تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے واقعے کے بعد 15 سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم جیتو سینی تاحال مفرور ہے۔
