Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قدرت کا کمال: بارش کی بوندیں بیجوں کو اگنے کا سگنل دیتی ہیں

بارش کی آواز بیجوں کے لیے ایک اشارہ ثابت ہوتی ہے جس سے وہ تیزی سے اگنا شروع کردیتے ہیں۔

سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ پودوں کے بیج بارش کے قطروں سے پیدا ہونے والی لہروں کو محسوس کرکے اپنی نیند جیسی کیفیت سے بیدار ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں بارش کی ہلکی آواز انسان کو سکون دیتی ہے، وہیں یہ چاول کے بیجوں کے لیے ایک اشارہ ثابت ہوتی ہے جس سے وہ تیزی سے اگنا شروع کردیتے ہیں۔

تحقیق میں ہزاروں چاول کے بیجوں کو پانی میں رکھ کر ان پر مختلف شدت کے پانی کے قطرے گرائے گئے تاکہ بارش جیسی صورتحال پیدا کی جاسکے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن بیجوں کو بارش جیسی لہروں کا سامنا ہوا، وہ دیگر بیجوں کے مقابلے میں تقریباً 37 فیصد زیادہ تیزی سے اگے۔

سائنس دانوں کے مطابق پودوں کے بیجوں میں خاص خلیاتی ساختیں موجود ہوتی ہیں جو کششِ ثقل کو محسوس کرتی ہیں اور جڑوں و پودے کی سمت کا تعین کرتی ہیں۔

بارش کے قطروں سے پیدا ہونے والی لہریں ان ساختوں کو حرکت دیتی ہیں جس کے نتیجے میں بیجوں کی افزائش کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔

تحقیق سے یہ بھی پتا چلا کہ جو بیج زمین یا پانی کی سطح کے قریب ہوتے ہیں، وہ اس عمل سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ وہاں لہریں زیادہ طاقتور ہوتی ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ پانی میں لہروں کی شدت ہوا کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، اس لیے بارش کی آواز پانی کے اندر کہیں زیادہ طاقتور اثر ڈالتی ہے جو بیجوں کے لیے ایک مضبوط سگنل بن جاتی ہے۔

سائنس دانوں کا خیال ہے کہ یہ خاصیت صرف چاول ہی نہیں بلکہ دیگر پودوں کے بیجوں میں بھی موجود ہوسکتی ہے جو ماحول سے ملنے والے اشاروں کے مطابق اپنی نشوونما کو بہتر بناتے ہیں۔

یہ تحقیق اس بات کی نئی سمجھ فراہم کرتی ہے کہ قدرتی ماحول میں معمولی آوازیں بھی پودوں کی زندگی اور افزائش میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں