Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں برس پرندوں کی انعام یافتہ تصاویر

 اس سال کے مقابلے میں پرندوں کی ایسی شاندار تصاویر سامنے آئیں جن میں خوبصورتی کے ساتھ ساتھ پرندوں کی زندگی، شکار، خاندان اور قدرتی ماحول بھی دکھائی دیا

ہمیشہ کی طرح رواں برس بھی دنیا بھر میں پرندوں کی خوبصورت تصاویر لینے کا ایک دلچسپ مقابلے برڈ فوٹوگرافر آف دی ایئر 2026 کا انعقاد کیا گیا اس مقابلے میں 24 ہزار سے زیادہ تصاویر بھیجی گئیں، تاہم مختلف شعبوں میں صرف چند بہترین تصاویر منتخب ہوئیں۔

فاتح تصویر: ہینلی اسپائرز

برطانیہ کے فوٹوگرافر ہینلی اسپائرز نے ایک خوبصورت شمالی گینیٹ کی تصویر کے ساتھ مقابلے کا سب سے بڑا انعام جیت لیا۔

انہوں نے یہ تصویر اسکاٹ لینڈ کے سمندر میں بنائی۔ شمالی گینیٹ ایک ایسا سمندری پرندہ ہے جو مچھلی پکڑنے کے لیے بہت تیزی سے پانی میں غوطہ لگاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا سے ناپید ہونے والے پرندے کے نایاب ’’ پر‘‘ کی حیران کن قیمت، نیلام کر دیا گیا

اس پرندے کا جسم اس طرح بنا ہوتا ہے کہ وہ پانی میں تیزی سے داخل ہونے کے باوجود خود کو محفوظ رکھ سکے۔

خوبصورت پفن کی تصویر

جرمنی کے وولکر وڈمان نے برطانیہ کے سکومر جزیرے پر ایک خوبصورت اٹلانٹک پفن کی تصویر بنائی۔ وہ کئی دن جزیرے پر رہے تاکہ پرندوں کو صبح اور شام کے وقت، جب سیاح کم ہوتے ہیں، آرام سے تصویروں میں قید کر سکیں۔

ایک شام انہوں نے سورج ڈوبنے تک انتظار کیا اور سمندر میں سورج کی روشنی کے عکس کے سامنے پفن کی خوبصورت تصویر لے لی۔

تین پینگوئنز

فوٹوگرافر رومین باراتس نے انٹارکٹیکا میں تین جینٹو پینگوئنز کی تصویر بنائی۔اس وقت یہ پینگوئن اپنے پرانے پر گرا رہے تھے اور نئے پروں کی افزائش کے مرحلے سے گزر رہے تھے تاہم اس دوران وہ تیر نہیں سکتے تھے۔

تصویر میں پینگوئن ایک پرانی، زنگ لگی عمارت کے سامنے ایسے کھڑے ہیں جیسے اس کی حفاظت کر رہے ہوں۔

چاند کے سامنے سنہری عقاب

ناروے کے فوٹوگرافر آسمنڈ کیلن نے ایک سنہری عقاب کو چاند کے سامنے اڑتے ہوئے تصویر میں محفوظ کیا۔

پس منظر میں برف سے ڈھکے پہاڑ تھے، جبکہ عقاب چاند کے سامنے سائے کی طرح نظر آ رہا تھا۔ اسی وجہ سے تصویر بہت خوبصورت اور منفرد بن گئی۔

بارش میں تین ٹاؤنی فراگ ماؤتھ

آسٹریلیا کے ڈونلڈ چن نے تین ٹاؤنی فراگ ماؤتھ کی تصویر بنائی یہ پرندے درخت کی چھال کے ساتھ اس طرح مل جاتے ہیں کہ انہیں پہچاننا مشکل ہوتا ہے۔

تصویر میں ایک چھوٹا پرندہ اپنے پروں کو پھیلائے ہوئے ہے، جیسے وہ اپنے دوسرے بچوں کو بارش سے بچا رہا ہو یہ پرندے دیکھنے میں اُلو جیسے لگتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ اُلو نہیں ہیں۔ ان کا تعلق نائٹ جارز سے زیادہ ہے۔

نوجوان فوٹوگرافر کا انعام

امریکا کے نوجوان فوٹوگرافر پارہم پوراحمد نے نوجوانوں کی کیٹیگری کے ساتھ ساتھ ینگ برڈ فوٹوگرافر آف دی ایئر کا انعام بھی جیت لیا۔انہوں نے ایک گریٹ ہارنڈ اُلو کی تصویر چاند کے سامنے بنائی۔

پارہم نے اپنے گھر کے قریب ایک پارک میں اُلوؤں کا جوڑا دیکھا تھا۔ ایک شام جب وہ تصویر لینے گئے تو انہوں نے آسمان پر پورا چاند دیکھا۔

اسی دوران ایک اُلو ایک درخت پر آ بیٹھا، اور پارہم نے اسے چاند کے سامنے تصویر میں قید کر لیا۔

 اس سال کے مقابلے میں پرندوں کی ایسی شاندار تصاویر سامنے آئیں جن میں خوبصورتی کے ساتھ ساتھ پرندوں کی زندگی، شکار، خاندان اور قدرتی ماحول بھی دکھائی دیا۔