Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’فورٹ نائٹ‘ کھیلنے والی 78 سالہ خاتون گنیز ریکارڈ ہولڈر بن گئیں

کیتھ بووی کی یہ کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ عمر کسی بھی شوق کو جاری رکھنے میں رکاوٹ نہیں بنتی

اسکاٹ لینڈ کی 78 سالہ گیمر خاتون نے دنیا کے مقبول ترین آن لائن پلیٹ فارم ‘ٹوئچ’ پر ویڈیو گیم کی لائیو اسٹریمنگ کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔

کیتھ بووی گزشتہ 9 برس سے ’grumpygran48‘ کے نام سے ٹوئچ پر گیمنگ کی لائیو اسٹریمنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے 2017 میں اپنے پوتے کو فورٹ نائٹ کھیلتے دیکھا، جس کے بعد انہیں بھی اس گیم میں دلچسپی پیدا ہوگئی اور وہ خود اس کی شوقین بن گئیں۔

کیتھ کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر نے کبھی بھی انہیں اپنے شوق کو جاری رکھنے سے نہیں روکا۔ ان کے مطابق وہ خود کو محض ایک گیمر نہیں بلکہ ایک ’سچی فورٹ نائٹر‘ سمجھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گنیز ورلڈ ریکارڈز کی نئی کتاب کی رونمائی، انوکھے ریکارڈز نے سب کو حیران کردیا

یکم ستمبر کو 78 برس کی ہونے والی کیتھ بووی کا نام ’گنیز ورلڈ ریکارڈز گیمرز ایڈیشن 2027‘ میں شامل کیا گیا ہے، جہاں انہیں دنیا کی معمر ترین خاتون اسٹریمر کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کیتھ نے کہا کہ یہ اعزاز حاصل کرنا ان کی دیرینہ خواہش تھی، جو بالآخر حقیقت بن گئی۔

کیتھ بووی کی یہ کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ عمر کسی بھی شوق کو جاری رکھنے میں رکاوٹ نہیں بنتی، بشرطیکہ انسان اپنے شوق اور دلچسپی کو زندہ رکھے۔