Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مونچھوں والا نومولود بچہ یا اے آئی کا کمال؟ وائرل ویڈیو نے سب کو حیران کردیا

صارفین نے بچے کی ظاہری شکل کو لے کر مزاحیہ تبصروں اور میمز کا سلسلہ شروع کردیا

سوشل میڈیا پر مونچھوں والے نومولود بچے کی ایک ویڈیو نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی جس میں بچے کے اوپری ہونٹ پر سیاہ مونچھیں دکھائی دے رہی ہیں۔

ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوئی اور اسے دیکھنے والے افراد حیرت کے ساتھ ساتھ دلچسپ تبصرے بھی کرنے لگے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے بچے کی ظاہری شکل کو لے کر مزاحیہ تبصروں اور میمز کا سلسلہ شروع کردیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ بچہ نرسری اور اسکول کے مراحل چھوڑ کر سیدھا زندگی کے درمیانی حصے کی پریشانیوں میں داخل ہوگیا ہے۔

ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ بچہ پیدائشی طور پر ریٹائرڈ، تین بچوں کا باپ اور دو مکانوں کا مقروض دکھائی دیتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے حوالے سے صرف تبصرے ہی نہیں کیے گئے بلکہ صارفین نے بچے کی تصویر کو مختلف انداز میں ایڈٹ کرکے بھی شیئر کیا۔

ایک وائرل ترمیم شدہ تصویر میں بچے کو فوجی وردی اور تمغوں کے ساتھ میز کے پیچھے بٹھایا گیا جس کے ساتھ ’’چھوٹے ہاتھ، بڑے منصوبے‘‘ کا جملہ درج تھا۔

اسی طرح ایک اور تصویر میں بچے کو بزنس سوٹ پہنے اور سگار پیتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ ایک تصویر میں اسے مشہور ویڈیو گیم کردار ماریو کے روپ میں پیش کیا گیا جس میں اس نے سرخ ٹوپی اور اوورآل پہن رکھے تھے۔

مزاحیہ تصاویر کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ ایک اور ایڈٹ شدہ تصویر میں بچے کو قدیم ہان جنگجو کے انداز میں زرہ بکتر اور دھاتی خود پہنے ہوئے دکھایا گیا۔

وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نومولود بچے کے چہرے پر نظر آنے والی مونچھیں حقیقی نہیں بلکہ ڈیجیٹل ایڈیٹنگ یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ فلٹر کا نتیجہ ہیں۔

تاہم ویڈیو کے اصل ماخذ یا کسی مستند تصدیق کے بغیر اس دعوے کو حتمی حقیقت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس لیے ویڈیو کی صداقت کے حوالے سے حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے مزید تصدیق ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version