Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹس میں بحال

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹس میں بحال کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں بحال کرنے کی اپیلیں منظور کرلی اور ٹرائل کورٹس کا ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 اور سیشن عدالت میں 6 درخواستیں بحال کردی ہیں۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دی تھیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست ضمانت بحالی کی اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔

گزشتہ سماعت کا احوال

21 ستمبر 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کرنے کے خلاف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے تھے کہ بغاوت، غداری، فارن فنڈنگ، توہین جج اور توشہ خانہ مقدمات رجسٹرڈ کیے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی تمام دو سو سے زائد مقدمات میں ضمانت پر تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کو اب سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، ہمیں آج تک مقدمات کی تفصیل فراہم نہیں کی گئیں، چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار ہونے کے باعث عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو سکے۔

وکیل سلمان صفدر نے مزید کہا تھا کہ ہم نے ٹرائل جج کو چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل میں قید ہونے سے متعلق آگاہ کیا، ٹرائل کورٹ کے جج کو چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دینا چاہئے تھا، جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں