بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے یوٹرن لے لیا ہے۔
حال ہی میں بھارت کے معروف اداکار رنبیر کپور نے اپنی فلم کی پروموشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا، میں ایک فلم فیسٹیول میں شریک ہوا تھا جہاں بہت سے پاکستانی فلم ساز موجود تھے جن کے سوال پر میں کوئی تنازع نہیں کھڑا کرنا چاہتا تھا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ آرٹ آرٹ ہے لیکن میرے لیے کوئی بھی چیز میرے وطن سے بڑھ کر نہیں ہے ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛رنبیر کپور پاکستانی اداکاروں کیساتھ کام کرنے پر آمادہ
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکار رنبیر کپور جدہ میں منعقد کیے جانے والے ایک فلم فیسٹیول میں شریک ہوئے تھے جس دوران پاکستانی فلم ساز نے رنبیر کپور سے سوال کیا تھا کہ اب سعودی عرب کی صورت ہمارے پاس ایک ایسا پلیٹ فارم موجود ہے جو دو فلم انڈسٹری کو جوڑسکتا ہے، میرے پاس آپ کیلئے ایک فلم ہے کیا آپ پاکستان کیلئے کام کرنا پسند کریں گے؟
اس سوال پر بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے حامی بھرتے ہوئے کہا تھا کہ میں کام کرنا پسند کروں گا کیوں کہ فنکاروں کیلئے کوئی حدود متعین نہیں ہے۔




















