اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (اسپارکو) کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی تاریخی خلائی کامیابی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی خلاباز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی کامیابی پر فخر ہے اور مسلح افواج بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچ کر ایک عظیم کامیابی حاصل کرچکا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلاباز کی موجودگی دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلا میں پاکستان کی نمائندگی نوجوان نسل کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
دوسری جانب پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے عوام کے لیے باعث فخر ہے۔ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے محمد ذیشان علی کے اہلخانہ کو بھی مبارکباد دی اور ان کی تربیت و تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین اور ساتھیوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مشن میں شریک چینی خلابازوں کو بھی مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین اسپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی موقع پر ان کی موجودگی باعث مسرت ہے۔ سویلین اور عسکری قیادت کی حمایت اور تعاون سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی ہے۔ پاکستان کی قیادت کے تعاون سے ہمارا خلائی پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی شینزو 24 خلائی مشن کے رکن کی حیثیت سے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔

















