پاکستان کے سینئر ٹیلی ویژن اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے جنات سے متعلق حیران کن دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ساتھ گزشتہ 12 برس سے ایک جن موجود ہے۔
محسن گیلانی نے حال ہی میں ایک ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی، روحانی معاملات اور وظائف سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
جنات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے دعویٰ کیا کہ میں ’جنات کا بادشاہ‘ ہوں اور اس وقت بھی ایک جن میرے ساتھ موجود ہے اور اس جن کا نام ’مسٹر نجیب‘ ہے جو میرے والد کے انتقال کے بعد سے گزشتہ 12 برس سے میرے ساتھ ہے۔
اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ میرے خاندان میں جنات کی موجودگی کا سلسلہ آباؤ اجداد کے دور سے چلا آ رہا ہے۔ معاشرے میں جنات سے متعلق بہت سی باتیں درست نہیں کیونکہ جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔
گفتگو کے دوران محسن گیلانی نے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اہمیت پر بھی بات کی اور مداحوں کو سورۃ الرحمٰن ترجمے کے ساتھ پڑھنے اور سننے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے شفا کا ذریعہ قرار دیا۔
