پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے کام کے سلسلے میں گھر اور اہلِ خانہ سے دور ہونے کے جذبات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ایک دل چھو لینے والی ویڈیو جاری کی ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں کام کے لیے روانگی کے دوران طیارے میں بیٹھے آبدیدہ دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں یمنیٰ زیدی کی آنکھوں میں آنسو ہیں تاہم وہ ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ ایئر فونز لگائے بیٹھی دکھائی دیتی ہیں۔
یمنیٰ زیدی نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں کئی برس گزارنے اور کام کی مصروفیات کا حصہ ہونے کے باوجود گھر سے روانہ ہوتے وقت میری آنکھیں آج بھی نم ہو جاتی ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پروازوں اور آنسوؤں کا میرے درمیان برسوں پرانا تعلق ہے۔ کام کے لیے گھر سے نکلتے ہوئے میں آج بھی رو پڑتی ہوں کیونکہ مجھے اپنے خاندان سے دور ہو کر دنیا کا سامنا کرنا اور زندگی کی ذمہ داریاں سنبھالنا پڑتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اب میں ان آنسوؤں کی عادی ہو چکی ہوں لیکن حیرت انگیز طور پر مجھے اپنے ان جذبات سے محبت بھی ہونے لگی ہے کیونکہ زندگی انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے۔
یمنیٰ زیدی کی اس جذباتی ویڈیو نے مداحوں کو اپنے اہلِ خانہ سے دوری اور کام کی مصروفیات کے دوران پیش آنے والے احساسات کی یاد دلا دی ہے۔
















