Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فائرنگ کے بعد ٹائیگر شروف کے بازو پر جلنے کے نشانات؛ ٹیم نے ویڈیو شیئر کردی

اداکار ٹائیگر شروف کی ٹیم نے فائرنگ کے بعد جلنے کے نشانات کی ویڈیو جاری کردی

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کے زخموں اور بازو پر پٹیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف چہ مگوئیاں جاری تھیں تاہم اب ان کی آفیشل ٹیم نے اس حوالے سے وضاحت پیش کردی ہے۔

اداکار کی ٹیم نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے بازو پر بارود سے جلنے کے نشانات اور سیاہ دھبے دکھائی دیتے ہیں۔ ٹیم کے مطابق فائرنگ کے دوران بارود کے اثرات سے ٹائیگر شروف کی جلد متاثر ہوئی تھی۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکار کے والد جیکی شروف، والدہ عائشہ شروف اور بہن کرشنا شروف نے بھی ردِعمل دیا اور ان کی سلامتی پر خدا کا شکر ادا کیا۔

دوسری جانب ٹائیگر شروف کی ٹیم نے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

ٹیم نے واضح کیا کہ اداکار کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور عوام سے اپیل کی کہ خبروں کے نام پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹائیگر شروف جب مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے تو ان کے بازو اور کندھے پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں۔ ان کی اس حالت کو دیکھ کر مداحوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد ان کی صحت اور زخموں سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آنے لگی تھیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version