Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان جونیئر لیگ کے کھلاڑی ادائیگی سے محروم، میڈیا رپورٹس

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے رمیز راجہ کی پاکستان جونیئر لیگ ختم کرنے کے باجود کھلاڑیوں کو ادائیگی نہیں کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے سے شروع ہونے والی بحث کے درمیان، یہ اطلاع ملی ہے کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ادائیگیوں کے منتظر ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی کھلاڑیوں کو ابھی تک افتتاحی ایڈیشن کی ادائیگی نہیں کی گئی جبکہ صرف غیر ملکی کھلاڑیوں کو ستر فیصد ادائیگی کی گئی ہے۔

یہ خبر سب سے پہلے اس وقت پھیلی جب گوادر شارک کے کپتان شمائل حسین پاکستان جونیئر لیگ کے بارے میں ایک ٹویٹ کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ابھی تک ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پی سی بی کی موجود مینجمنٹ کمیٹی نے ایک اجلاس میں پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرتے ہوئے جونیئر سیریز کو گھر اور باہر کی بنیاد پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مینجمنٹ کمیٹی کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کے ساتھ انڈر 19 کھلاڑی کو ان کی ایمرجنگ کیٹیگریز میں شامل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کی خبر کے ساتھ ہی یہ خبر ملی کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کو ادائیگیاں جلد شروع ہو جائیں گی۔

انتظامی کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر ادائیگی کا کام مکمل کر لیا ہے۔ جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ڈومیسٹک کرکٹرز کو چار ماہ کا معاوضہ ادا کیا جائے گا اور ادائیگی کے چار ماہ بعد ہر ماہ معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ موجودہ سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ کنٹریکٹ کی رقم ادا نہیں کی گئی جس کے لیے انتظامی کمیٹی نے معاہدے کے مطابق تمام ادائیگیاں فوری کرنے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ خبریں