Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کامعاملہ، اٹارنی جنرل معاونت کیلئے طلب

عدالتِ عالیہ نے اسلام آباد کی اپنی قانون سازاسمبلی کے قیام کے معاملے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کیلئے طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر صوبوں کی طرح اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پرسماعت کرتے ہوئے وفاق اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وفاق اور اٹارنی جنرل 27 مارچ تک جواب جمع کروائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایس ایم  یاور گردیزی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

درخواست گزار ایس ایم یاور گردیزی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اورعدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ فیڈرل گورنمنٹ کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی بنانے کے لئے قانون سازی پر کام شروع کرے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ یہ عدالت قانون سازی کیلئے یا آئین میں ترمیم کے لئے ہدایت کرسکتی ہے؟ جس پروکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ میں اسلام آباد کے رہائشیوں کے بنیادی حقوق کی بات کر رہا ہوں۔ دہلی اور آسٹریلیا میں اس طرح کی حکومت ہے۔

متعلقہ خبریں