امریکن این بی اے کے ایک میچ میں لاس اینجلس لیکرز کے اسٹار کھلاڑی لیبرون جمیز نے آل ٹائم اسکور کا ریکارڈ اپنے قبضے میں کر لیا۔
خبروں کے مطابق لاس اینجلس لیکرز اور اوکلاہوما سٹی تھنڈرز کے درمیان ہونے والے میچ میں لیبرون جیمز نے 38 پوائنٹس اسکور کئے، اس میچ میں لاس اینجلس لیکرز نے اوکلاہوما سٹی تھنڈرز کو 130 کے مقابلے میں 133 پوائنٹس سے شکست دی۔
میچ میں امریکن این بی اے کی تاریخ کے لیجنڈ کھلاڑی کریم عبدالجبار کا 1989 میں قائم کردہ ریکارڈ کو لیبرون جیمز نے پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : این بی اے باسکٹ بال، اسٹیفن کی شاندار کارکردگی
لیجنڈ کریم عبدالجبار نے اپنے کیرئیر میں 38387 پوائنٹس حاصل کئے تھے، انہوں نے اپریل 1984 میں لیبرون جیمز کی پیدائش سے 8 ماہ قبل یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

این بی اے کی تاریخ میں سب سے زیادہ پوائنٹ اسکور کرنے کا ریکارڈ بنانے کے بعد لیبرون جیمز نے کہا کہ ایک لیجنڈ کریم عبدالجبار کی موجودگی میں میرا نام سب سے اوپر لکھا جانا میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔
لاس اینجلس لیکرز کے 38 سالہ لیبرون جیمز کو کریم عبدالجبار کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 36 پوائنٹس کی ضرورت تھی، جسے میچ کے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک پورا کر لیا۔
یہ تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے بعد لیبرون جیمز کے اپنے کیرئیر میں 38390 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : این بی اے باسکٹ بال اب متحدہ عرب امارات میں
لیجنڈ کریم عبدالجبار کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کا لمحہ ناقابل فراموش تھا، جونہی جیمز نے ریکارڈ توڑا تو انہوں نے جذباتی انداز میں دونوں بازو اٹھا کر خوشی کا اظہار کیا۔
لیبرون جیمز کے لیے اس سے زیادہ یادگار لمحہ کوئی نہیں ہو سکتا جب انہوں نے آل ٹائم ریکارڈ کو حاصل کیا تو اس وقت تماشائیوں میں 75 سالہ لیجنڈ کریم عبدالجبار بھی موجود تھے جنہوں نے کھڑے ہو کر لیبرون جیمز کو داد دی، اور کافی دیر تک تالیاں بجائی۔


















