مٹی سے بنے ہوئے مٹکے میں مختلف کھانے پینے کی اشیا رکھنا ایک عام رواج ہے اس طریقے سے مذکورہ شے میں مٹکے کی سوندھی سوندھی خوشبو بس جاتی ہے جو اس پکوان کی لذت کو نہایت منفرد بنا دیتی ہے۔
مٹکا کھیر، مٹکا قلفی اور مٹکا گوشت ، مٹکا چائے وغیرہ کے بعد اب مٹکا فرائیز بھی بے حد مقبولیت پا رہی ہے۔
مٹکا چائے کے بارے میں تو سب نے ہی سنا ہے اور یقیناً اسے پینے کا تجربہ بھی کیا ہی ہو گا لیکن شاید ہی کسی نے مٹکا فرائیز کھائے ہو۔
سوشل میڈیاپر کراچی کے مٹکا فرائیز کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں فرائیز کو مٹکے میں سرو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی مٹکا فرائیز کو کھانے پینے کے شوقین افراد کی جانب سے کھایا اور پسند کیا جا رہا ہے۔
یہ مٹکا فرائیز کراچی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ حسین آباد میں دستیاب ہے جسے کھانے کے لیے دور دور سے جوق در جوق لوگ آ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر آج کل کھانوں کو نیا انداز اور نیا ذائقہ دینا اب عام بات بن گیا ہے جہاں بعض اوقات لوگ کھانے کے نئے انداز اور کھانے کے اصل ذائقے میں تبدیلی پر تنقید کرتے ہوئے نظر آتے ہیں وہیں کچھ اچھا ذائقہ ملے تو اس کی تعریف بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر نت نئے انداز میں کھانا بنانے کی ویڈیوز کو پوسٹ کیا جاتا رہتا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو جاتی ہیں۔




















