Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل8: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

پی ایس ایل 8 کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ 

راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 207 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 172 رنز ہی بناسکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاویز عرفان اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کی تاہم شاویز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلن واپس لوٹ گئے اور فخر بھی 11 رنز ہی بناسکے۔  عبداللہ شفیق بھی صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور سیم بلنگ بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔

21 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی خود بیٹنگ کے لیے آئے اور حسین طلعت کے ساتھ ملکر 114 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

شاہین آفریدی 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سکندر رضا 7 گیندوں پر 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جب کہ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے 3،3 جب کہ عظمت اللہ عمرزائی نے 2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سیم ایوب کے ساتھ ملکر ٹیم کو 107 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

اس دوران پشاور زلمی کے دونوں اوپنرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، سیم ایوب 36 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد حارث بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 9 رنز ہی بناسکے۔

کپتان بابراعظم بھی 50 رنز مکمل کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے تاہم ٹام کوہلر کوڈ مور نے 16 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، روومن پاول 9، حسیب اللہ خان 12، عامر جمال 5 رنز بناسکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حارث رؤف، زمان خان اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز 7 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ  پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جب کہ پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے اور آج کے میچ کے علاوہ اس کے 3 مزید میچز بھی باقی ہیں۔

متعلقہ خبریں