پاکستان کرکٹ ٹیم کے کے اہم کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کو پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کی تجربہ کار اوپننگ جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے مد نظر افغانستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر کیا جا سکتا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق سینئر جوڑی کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے پیش نظر آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں کھلاڑیوں کو آرام دینے پر غور کر رہا ہے، اور موجودہ سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں سرفہرست کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ پر بحث اہم نکتہ تھی۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے پچھلے دو سالوں میں کھیلے گئے میچوں کے لحاظ سے ہر کھلاڑی کے کام کے بوجھ کا اندازہ لگایا گیا جس میں بابر، رضوان اور حارث رؤف تینوں کھلاڑیوں نے زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔
جنوری 2021 سے، رضوان نے تمام فارمیٹس (بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ) میں 150 میچز کھیلے ہیں، جبکہ بابر اعظم نے 127 اور حارث رؤف نے 125 کھیلے ہیں۔
بورڈ کی میٹنگ میں تجویز کیا گیا کہ پاکستان شارجہ میں افغانستان کے خلاف آئندہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں ہونے والے پانچ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں میں کھلاڑیوں کو آرام دینے پر غور کرے گا۔
واضح رہے کہ اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک سال سے زیادہ وقت باقی ہے، سلیکشن کمیٹی ان سیریز کے لیے کچھ نئے چہروں کو لانے کی کوشش کر سکتی ہے۔
ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل افغانستان اور نیوزی لینڈ سے کھیلنے کے علاوہ، پاکستان سال کے وسط میں سری لنکا میں دو ٹیسٹ بھی کھیلے گا۔


















