Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

افغان سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان، شاداب خان کپتان مقرر

پی سی بی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے افغانستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بابراعظم، محمد رضوان، فخرزمان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا ہے اور زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے جب کہ عماد وسیم اور اعظم خان کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ

اعلان کردہ اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف،افتخاراحمد، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود،طیب طاہر، زمان خان، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر کے مطابق ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ افغانستان سے سیریز کے لیے آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

بابراعظم ہی ٹیم کے کپتان رہیں گے

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم نے پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موق دیا ہے اور اس سیریز کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے کیوں کہ ہم نے ورلڈ کپ کی تیاری کرنی ہے، ہمارے کچھ سینئر کھلاڑی 2 سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں اس پر سب کو اتفاق ہے، ہمیں اب ورلڈکپ کا سوچنا ہے، ابھی سے اسسمنٹ کریں گے تو ابھی سے یہ کام کرنا پڑے گا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بابراعظم ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کے کپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینئر زکھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

متعلقہ خبریں