قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر اپنا ردعمل ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں لیگ کرکٹ کے لیے فیملی کے ہمراہ موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی یہاں پر کرکٹ کھیلنے آیا ہوں اور پاکستان میں وہی ہونا چاہیے جو ملک اور قوم کے لیے بہتر ہو۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ 1996 سے لےکر 2021 تک میں بھی پی ٹی آئی کا حصہ رہ چکا ہوں، 2013 میں عمران خان کو پہلی مرتبہ ووٹ دیا تھا لیکن ابھی میں کرکٹ کھیلنے کے لیے امریکا میں موجود ہوں۔
شاہد آفریدی سے جب سوال کیا گیا کہ اگر انہیں مستقبل میں وزیراعظم بننے کا موقع ملا تو ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں ان چیزوں میں نہیں پڑنا چاہتا، نہ مجھے شوق ہے اللہ نے مجھے بہت عزت دی ہے، فاؤنڈیشن کے ذریعے جو کچھ ملک کیلئے کرسکا ضرور کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت میں تو سیاست کر رہا ہوں کیوں کہ پاکستان اور عوام کی خدمت کرنا سیاستدانوں کا کام ہے جو میں کر رہا ہوں۔ انسانیت کی خدمت ایک بہترین عمل ہے کیوں کہ میں ایک ایسے ملک سے ہوں جہاں پریشانیاں بہت زیادہ ہیں لیکن اس ملک نے مجھے وہ کچھ دیا ہے جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔


















