قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز بابراعظم کا بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی تعریف پر رد عمل سامنے آگیا۔
اسٹار اسپورٹس کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے متعلق گفتگو کی۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ جب کوئی آپ کے بارے میں مثبت بات کرے تو بہت اچھا محسوس ہوتا ہے اور جس طرح ویرات کوہلی نے میرے بارے میں تبصرہ کیا وہ میرے لیے قابل فخر ہے، ویرات جیسے بلے باز کی جانب سے تعریف کرنے پر بہت اچھا لگا کیوں کہ ان چیزوں سے آپ کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
Beyond rivalries and runs, lies a foundation of respect! 🤝💙@babarazam258's touching encounter with @imVkohli echoes the sentiment of mutual regard that cricket fosters. 🇮🇳🇵🇰 pic.twitter.com/YStrJsGDYU
— Star Sports (@StarSportsIndia) August 31, 2023
قومی کپتان نے کہا کہ جب میں ویرات کوہلی سے 2019 میں ملا تھا تب وہ اپنے عروج پر تھے اور آج بھی عروج پر ہیں، اُس وقت میں سوچ رہا تھا کہ ویرات کوہلی سے کچھ سیکھ لوں اور مجھے سیکھنے کا موقع بھی ملا جب کہ انہوں نے میرے سوالات کا بہت مثبت انداز میں جواب دیا جس سے مجھے کافی مدد ملی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ویرات کوہلی نےاپنے ایک انٹرویو میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر کی طرف سے میں نے اپنے لیے بے پناہ عزت دیکھی اور وہ آج تک تبدیل نہیں ہوئی، اس حقیقت سے قطع نظر کہ بابر دنیا کے نمبر ون بیٹرز میں سے ایک ہے، بابر ایک بہترین ٹیلنٹ ہے جسے دیکھنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ون ڈے 2023 میں پاکستان اور بھارت 2 ستمبر بروز ہفتے کو آمنے سامنے ہوں گے۔


















