پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے رابطہ کرکے ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے لیکن اس دوران پاکستان میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے لہذا ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان منتقل کرنے کے بارے میں سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔ جے شاہ نے ذکا اشرف کو جواب دیا کہ ہم صورت حال پر غور کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں کر سکتا ہے۔ ایشیا کپ کے میچز خراب موسم کے باعث کولمبو سے منتقلی ایشین کرکٹ کونسل کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔


















