Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جے شاہ نے ایشیا کپ پاکستان میں نہ کروانے کی انوکھی منطق پیش کردی

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے ایشیاکپ کے میچز پاکستان میں نہ کروانے پر بیان جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا وینیو تبدیل نہ کرانے اور مکمل ٹورنامنٹ پاکستان میں نہ ہونے دینے کے معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے صدر جے شاہ نے بتایا ہے کہ یہ سب سیکیورٹی خدشات اورپاکستان کی معاشی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹریو میں جے شاہ نے کہا کہ تمام فل ممبرز، میڈیا برائٹس ہولڈرز اور ان اسٹیڈیم رائٹس ہولڈرز پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلنے پر ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے تھے لہذا اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے مجھے اس کا مناسب حل نکالنا تھا اور پھر ہم نے  پی سی بی کی جانب سے پیش کیے گئے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کیا۔

جے شاہ کا کہنا تھا یہ بات اہم ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں متعدد تبدیلیاں ہوئیں، بات چیت بھی اوپر نیچے ہوئی، یو اے ای میں 2022 میں کھیلا جانے والا ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا تھا اب اس کا موازنہ ون ڈے فارمیٹ سے نہیں کیا جاسکتا، اس کے علاوہ کرکٹ بورڈز کی جانب سے بھی ستمبر کے مہینے میں یو اے ای میں ون ڈے میچز کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

صدر اے سی سی نے مزید کہا کہ اگر دبئی میں میچز کا شیڈول ہوتا تو کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہوتے اور انجری کے امکانات بڑھ جاتے، خاص طور اس وقت جب ورلڈکپ شروع ہونے والا ہے اس لیے ایشیا کپ کے شیڈول کو کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھ کربنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیمیں گزشتہ ایک سال میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔

متعلقہ خبریں