ایشیا کپ کے سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 40ویں اوور میں پورا کیا۔
You've done it again, Lahore! 😍#PAKvBAN | #AsiaCup2023 pic.twitter.com/zbLpSu38H0
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 6, 2023
ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کی اننگز کا آغاز کیا۔ 35 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب فخر زمان 20 رنز بنانے کے بعد شرف الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 74 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔
امام الحق اور محمد رضوان نے 85 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 33 ویں اوور میں 159 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 78 رنز بناکر مہدی حسن میراز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 78 اور محمد رضوان 63 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حارث رؤف کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔
اس سے قبل سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ آغاز سے ہی بنگلادیش کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا۔ میچ کے دوسرے اوور میں بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔
بنگلادیش کو دوسرا نقصان پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب بنگلادیشی بیٹر لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے جس کے بعد بنگلادیش کی اگلی دو وکٹیں فاسٹ بولر حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔ حارث رؤف نے اوپنر محمد نعیم کو 20 اور توحید ہردوئے کو صرف 2 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
The 🇵🇰 pace trio ruling the charts 👏#PAKvBAN | #AsiaCup2023 pic.twitter.com/b1MUedU2BX
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 6, 2023
بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ پاکستان کےخلاف بنگلادیشں کی چھٹی وکٹ 174 رنز پرگری جب شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد سیٹ بیٹر مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے اور پھر نئے آنے والے بیٹر تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی آخری دو وکٹیں نسیم شاہ نے اُڑائیں، عاطف حسین 12 اور شریف السلام ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔ یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3 جب کہ شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


















