گزشتہ 6 ماہ سے کرکٹ سے دور رہنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ورلڈکپ 2023 میں واپسی کا پلان بنالیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ پر نظریں جمالیں اور انہوں نے میگا ایونٹ سے واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ممکنہ طور پر پاکستان کے خلاف ورلڈکپ وارم اپ میچ کھیل سکتے ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدر آباد دکن میں ہونا ہے۔
خیال رہے کہ کیوی کپتان کین ولیمسن مارچ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے افتتاحی میچز کے دوران ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث وہ گزشتہ 6 ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں تاہم انگلینڈ میں ان کا ری ہیب پروگرام چلتا رہا۔
بھارت روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر بات کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ میرا ارادہ ہے کہ میں ورلڈکپ کے وارم میچ میں حصہ لوں تاکہ مجھے اپنی فٹنس جانچنے کا موقع مل سکے اور میری خواہش ہے کہ میں ورلڈکپ کے دوران زیادہ سے زیادہ میچز کھیل سکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت میری ٹریننگ اچھی چل رہی ہے اور مجھے بیٹنگ ، فیلڈنگ اور رننگ کرنے میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آرہیں، اس کے علاوہ میں بہت زیادہ بوجھ بھی محسوس نہیں کر رہا ، ورلڈ کپ میچز میں اب کم وقت ہے اس لیے میں پہلے وارم اپ میچز کھیل کر دیکھنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ورلڈکپ کے دوران دو وارم اپ میچز کھیلے گا، کیویز کا دوسرا وارم اپ میچ دو اکتوبر کو جنوبی افریقا کے ساتھ ہے جب کہ میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم پہلا میچ پانچ اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔


















