پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین ذکا اشرف نے بھارت جانے کے معاملے پر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کا سب سے بڑا معرکہ 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کے لیے بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو بھی دعوت دی گئی ہے۔
تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر ذکا اشرف نے بھارت جانے کے معاملے پر مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی بھارت جانے کا فیصلہ اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ورلڈکپ میچ میں شرکت کے لیے بھارت جانے کے معاملے میں دفتر خارجہ سے بھی رائے لی جائے گی، اس کے علاوہ ذکا اشرف کو کن کن شہروں میں جانا ہوگا، اس حوالے سے بھی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میچز ، خاص طور پر پاک بھارت ٹاکرے کے لیے اب تک صحافیوں اور کرکٹ شائقین کی ویزہ پالیسی نہیں دی اور اس حوالے سے آئی سی سی کی طرف سے دی گئی فہرست کی سکروٹنی کا بہانہ بنایا جارہا ہے تاہم مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو ویزہ مل چکا ہے لیکن وہ مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں میزبانی کے فرائض سرانجام دینے والی پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کو بھارت میں ہراساں کیا جارہا تھا اور وہ حفاظتی اقدام کی بناء پر بھارت چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئی ہیں۔


















