قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ورلڈکپ کے دوران پچز کی تیاری پر سوال اٹھا دیے۔
بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے حوالے سے منعقد ایک پروگرام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے میچ سے ثابت ہوجائے گا کہ یہ ورلڈکپ کون کروارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا یہ ورلڈکپ آئی سی سی کرورہا ہے یا پھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)؟
Two different characteristic pitches at the same venue #Chennai. Sawal tou banta hai??? #CWC23 #GameOnHai pic.twitter.com/DOxTovr28T
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) October 13, 2023
میزبان کے سوال پر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اب تک نئی دہلی، دھرم شالا اور حیدرآباد میں 2،2 میچز ہوچکے ہیں اور ان تینوں کے دونوں میچز میں پچ کنڈیشن ایک جیسی تھی، تاہم اگر چنئی میں نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے میچ کی پچ کنڈیشن اسی گراؤنڈ میں 8 اکتوبر کو کھیلےگئے آسٹریلیا اور بھارت کے میچ سے مختلف رہی تو پھر سوال ہوگا کہ یہ ٹورنامنٹ کون کروا رہا ہے؟
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے اور اس میں کوئی اور مداخلت نہیں کرسکتا، یہ ایونٹ آئی سی سی کے اپنے کیوریٹر اور ان کی ہدایات پر چلنا چاہیے۔
خیال رہےکہ چنئی میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 199 رن پر آؤٹ ہوگئی تھی، بھارت نے 200 رن کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 42 ویں اوور میں پورا کرلیا تھا۔


















