آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دی۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹہر سکا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پوری پاکستانی ٹیم 43ویں اوور میں 191 رنزپر ڈھیر ہوگئی جب کہ بھارت نے مطلوبہ ہدف انتہائی آسانی سے 3 وکٹ کے نقصان پر 31ویں اوورز میں پورا کرلیا۔
پاکستانی اننگز:
پچھلے میچ کے سنچری میکر عبدااللہ شفیق 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور امام الحق کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا وہ 36 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم بابراعظم کی نصف سنچری ہوتے ہی وہ 50 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ پاکستانی کی تیسری وکٹ 155 رنز پر گری جس کے بعد اگلے 7 کھلاڑی صرف 36 رنز ہی بناسکے۔
محمد رضوان 49، سعود شکیل 6، افتخار احمد 4، شاداب خان2، محمد نواز 4، حسن علی 12، حارث رؤف 2 اور شاہین آفریدی بھی 2 رنز ہی بناسکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 19 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ محمد سراج، ہاردک پانڈیا، کلدیب یادوو، روینڈرا جڈیجا کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔
بھارتی اننگز:
ہدف کے تعاقب میں ٹیم میں واپسی کرنے والے شبمن گل نے پہلے ہی اوور سے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کرتے ہوئے جارحانہ کھیل شروع کیا تاہم وہ تیسرے اوور میں 16 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی ، انہوں نے 63 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
ویرات کوہلی 16 رنز بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے۔ جب کہ شریش ایئر نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے اور ان کے ساتھ کے ایل راہل 19 رنز پر ناقابل شکست رہے۔


















