Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چنئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن، کچھ کھلاڑیوں نے حصہ نہیں لیا

بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ میں اپنے اگلے میچ سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم نے چنئی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں جنوبی افریقا کے میچ سے قبل چنئی میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں ورلڈ کپ اسکواڈ کے 8 اور ریزرو اسکواڈ کے 3 پلیئرز شریک ہوئے تاہم محمد رضوان شاہین آفریدی، حارث روف نے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔

پریکٹس سیشن میں بابر اعظم، امام الحق، شاداب خان، افتخار احمد، سلمان علی آغا، فخر زمان، سعود شکیل اور وسیم جونیئر، محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد بھی پریکٹس سیشن میں موجود تھے جب کہ  فاسٹ بولر حسن علی، محمد نواز ، اسامہ میر اور عبداللہ شفیق نے بھی آرام کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان آئی سی سی ورلڈکپ میں اپنا چھٹا میچ کل جنوبی افریقا کے خلاف بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گا جہاں اپنے پچھلے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے ہاتھوں 8 وکٹ کی تاریخی شکست ہوئی تھی۔

رواں ورلڈکپ میں پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی محدود ہوگئے ہیں۔ نیدرلینڈ اور سری لنکا کے خلاف اپنے ابتدائی دو میچز جیتنے کے پاکستان کو بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اگر پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنی ہے تو اس کے لیے قومی ٹیم کو اپنی بقیہ تمام میچز جیتنے پڑیں گے لیکن ساتھ ہی اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا پڑے گا کیوں کہ اس وقت پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائںٹس ٹیبل پر میزبان بھارت اب تک ناقابل شکست رہتے ہوئے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ صرف بھارت کے خلاف ایک شکست کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقا تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

متعلقہ خبریں