آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 29 ویں میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دیا، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت نے میچ میں 100 رنز سے کامیابی حاصل کر کے میگا ایونٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کر لی۔
بھارت کے شہر لکھنؤ میں ہونے والے میچ میں بھارتی بیٹنگ لائن مشکل میں دکھائی دی لیکن اس کے باوجود مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 229 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
انگلینڈ بیٹنگ:
انگلش ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ ملان نے اننگز کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور محمد سراج کو ایک ہی اوور میں چھکا اور چوکا لگایا لیکن وہ 16 رنز بنانے کے بعد جسپرت بمرا کو اپنی وکٹ دے بیٹھے اور بمرا نے اگلی ہی گیند پر جوئے روٹ کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔
محمد شامی نے پہلے بین اسٹوکس بھی کھاتہ کھولنے بغیر بولڈ کیا اور پھر اپنے اگلے ہی اوور میں جونی بریسٹو کو بھی 14 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
جو روٹ اور بین اسٹوکس کو صفر کی ہزیمت کا شکار ہونا پڑا، جوز بٹلر 10، معین علی 17 اور لیام لیونگسٹون نے 27 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، جسپریت بمرا نے 3 اور کلدیپ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت بیٹنگ:
اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شبمن گل 9 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کا شکار بن گئے۔
پچھلے دو میچوں میں مسلسل بہترین کارکردگی دکھانے والے ان فارم بلے باز ویرات کوہلی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ شریئر ایئر بھی صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
کے ایل راہل نے کپتان روہت شرما کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن ان کی مزاحمت بھی 39 رنز پر جواب دے گئی۔ روینڈرا جڈیجا 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
کپتان روہت شرما وکٹ پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ 13 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 101 گیندوں پر 87 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ سوریا کمار یادوو 49 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلے نے 3، کرس ووکس اور عادل رشید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ مارک ووڈ کے حصے میں آئی۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اپنی پچھلے میچ کا اسکواڈ برقرار رکھا گیا ہے۔ بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے پچھلے میچ میں بھی سوریا کمار یادوو کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آج کے مقابلے کے بعد بھارت ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 6 میچوں میں 5 شکستوں کے بعد سب سے آخری نمبر پر ہے۔


















