قومی ٹیم کے کھلاڑی بھارت میں بریانی کے ایسے دلدادہ ہوگئے ہیں جیسے انہوں نے پاکستان میں کبھی بریانی دیکھی ہی نہیں اور انہوں نے بریانی کے بغیر کھانا کھانے سے ہی انکار کردیا ہے۔
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے ابتدائی دونوں میچز جیتنے کے بعد وہ سلسلہ برقرار نہیں رکھ سکی اور ایونٹ میں اگلے چاروں میچ میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی ٹیم کی مسلسل ناقص پرفارمنس اور خاص طور پر بدترین فیلڈنگ کے باوجود کھلاڑیوں کی توجہ اپنی کارکردگی کے بجائے دیسی کھانا کھانے پر ہے، حالانکہ پچھلے میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے فٹنس کا معاملہ اٹھایا تھا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے ایک نجی ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ نہیں ہوئے ہیں جب کہ کچھ کھلاڑیوں کے اتنے بڑے بڑے منہ ہوگئے ہیں، انہیں دیکھ کر لگتا ہے جیسے روزانہ 8 ،8 کلوکڑاہی کھاتے ہوں، نہاری کھاتے ہوں۔
پاکستان کل بنگلادیش سے اپنا اہم میچ کھیلے گی لیکن میچ سے قبل کھلاڑی اپنی فٹنس کی پروا کیے بغیر دیسی کھانے کی فرمائشیں کررہے ہیں اور انہوں نے کلکتہ کے مشہور ریسٹورنٹ میں بریانی کے بغیر کھانا کھانے سے ہی انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ہفتے کی شام کولکتہ پہنچنے کے بعد ہوٹل میں قیام پذیر ہیں اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کلکتہ کے معروف ریسٹورینٹ سے دیسی مینیو آرڈر کرکے منگوایا۔ جس میں بریانی، چانپ، فیرنی اور شاہی ٹکرے شامل تھے۔
بھارتی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو بریانی کے بجائے سخت ڈائٹ چارٹ فراہم کیا جانا تھا جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے کباب، انڈے اور پروٹین پلیٹر موجود تھا تاہم کھلاڑیوں نے اس مینیو کو لینے سے انکار کر دیا ۔


















