Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بابراعظم کی ذاتی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر سابق کھلاڑیوں کی تنقید

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ذاتی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کی گئی ہے۔ 

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے سرکاری میڈیا پر ایک پروگرام کے دوران یہ الزام عائد کیا تھا کہ بابراعظم چیئرمین پی سی بی اور سی ای او پی سی بی سلمان نصیر کو مسلسل فون کررہے ہیں لیکن وہ ان کے پیغامات کا جواب نہیں دہے رہے جس کے بعد سے یہ معاملہ میڈیا میں زیر بحث ہے۔

بعد ازاں ایک صحافی نے نجی ٹی وی شو میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی سی ای او پی سی بی سلمان نصیر کی واٹس ایپ پر کی گئی ذاتی گفتگو نشر کی۔ جس پر وہاں موجود قومی ٹیم کے سابق کپتان نے اعتراض کیا کہ یہ چیٹ دکھانے سے پہلے بابراعظم سے اجازت لینی چاہیے تھی۔

بابراعظم سے کی گئی گفتگو میں سلمان نصیر نے بابراعظم سے سوال کیا کہ میڈیا میں ایسی باتیں چل رہی ہیں کہ آپ نے چیئرمین پی سی بی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا جس پر بابراعظم نے جواب دیا کہ میں نے انہیں کوئی فون نہیں کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پرسنل واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے کے معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ یہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیںَ؟

وقار یونس نے نجی ٹی وی کے پروگرام کا کلپ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک نہایت ہی مضحکہ خیز عمل ہے۔ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر نے لکھا کہ خوش ہو گئے آپ لوگ، برائے مہربانی بابر اعظم کو اکیلا چھوڑ دیں، وہ پاکستان کرکٹ کا ایک اثاثہ ہیں۔

متعلقہ خبریں