قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے پاکستان کی ورلڈکپ کی تیاریوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف 6 ماہ پہلے ہی تیاریاں شروع کی تھیں۔
بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کی بری پرفارمنس کا ذمہ دار کم وقت میں کی جانے والی تیاری کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیمیں 4 سال پہلے سے ہی میگا ایونٹ کی تیاریاں شروع کردیتی ہیں لیکن ہم نے صرف 6 ماہ پہلے ہی شروع کی تھیں۔
ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت ایسی صورتحال میں ہیں جہاں ہمیں نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اب جن چیزوں پر ہمارا کنٹرول ہے ، ہم وہ کرنے کی کوشش کریں گے تاہم بطور کوچ میری خواہش تھی کہ چیزیں ہمارے کنٹرول میں ہونی چاہیے تھیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستانی ٹیم نے اب تک اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن ہم اپنے شائقین کو مایوس نہیں کرنا چاہتے، اور ایسی کارکردگی دینا چاہتے ہیں جس سے مداحوں کو ہم پر فخر ہو۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم بھارت سمیت بڑی ٹیموں کے خلاف میچز نہیں کھیلتے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی اور 4 میچوں کی شکست ہمارے ٹینلٹ کی عکاسی نہیں کرتی جب کہ جنوبی افریقا کے خلاف شکست کے بعد کھلاڑی بہت افسردہ تھے،اگر اس میچ میں 300 رنز کرتے تو پاکستان جیت جاتا۔
گرانٹ بریڈ برن کا مزید کہنا تھ ان کنڈیشنز پر ہمارے پلیئرز پہلے نہیں کھیلے تاہم ہمیں بنگلا دیش کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، بطور حریف بنگلا دیش کی صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں۔


















