Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شاہین آفریدی کا ایک اور اعزاز: ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئے

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے بعد اب فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قابض ہوگئے ہیں۔ 

بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف اپنی تیز ترین 100 وکٹیں مکمل کیں بلکہ وہ موجودہ ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی بن گئے ہیں، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے بھی 16 ہی وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کو ورلڈکپ میں بہترین بولنگ کا صلہ بھی مل گیا اور وہ آئی سی سی ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی 7 درجہ ترقی ہوئی ہے۔

ون ڈے بولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسرے، بھارت کے محمد سراج تیسرے، جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج چوتھے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ افغانستان کے راشد خان، بھارت کے کلدیپ یادوو، افغانستان کے مجیب الرحمان، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور افغانستان کے اسپنر محمد نبی بالتریب چھٹی سے دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے بیٹر رینکنگ میں بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ بھارت کے شبمن گل دوسرے اور جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کاک تیسرے نمبر پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ شاہین آفریدی نے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ کر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف پہلی وکٹ لیتے ہی اہم سنگ میل عبور کرلیا تھا۔ انہوں نے تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے چوتھے بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

البتہ شاہین شاہ آفریدی  ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ  بولر بن گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 51 ون ڈے میچز میں 100 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے یہ کارنامہ 52 میچز میں انجام دیا تھا۔

اس فہرست میں شاہین شاہ آفریدی سے پہلے تمام اسپنرز موجود ہیں۔ پہلے نمبر پر  نیپال کے لیگ اسپنر سندیپ لمیچانے ہیں جنہوں نے 42 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ دوسرے نمبر افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان  ہیں جنہوں  نے 44 میچز میں 100 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں