Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈکپ 2023: پاکستان کیخلاف میچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ 

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی شہر پونے میں ہونے والے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست دے کر کیویز کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن اس میچ کے دوران بلیک کیپس کے کچھ مزید کھلاڑی انجرڈ ہوگئے۔

جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کچھ اوورز کروانے کے بعد انجری کا شکار ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنے بقیہ اوورز بھی نہیں کروائے تھے جب کہ آخری لمحات میں کیوی آل راؤنڈر جیمی نیشم بھی ان فٹ ہوگئے تھے۔

دراصل میٹ ہنری جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف صرف 5 اشاریہ تین اوور کیے تھے۔

بعد ازاں فاسٹ بولر میٹ ہنری کا نامکمل اوور آل راؤنڈر جیمی نیشم نے مکمل کیا لیکن جمی نیشم بھی کلائی پر گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث انہیں بیٹنگ کے لیے نہیں بھیجا گیا اور وہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تھے۔

خیال رہے کہ کیوی کھلاڑی لوکی فرگوسن، مارک چیپمین اور کین ولیمسن پہلے ہی انجریز سے دوچار ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ ہفتے کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا اور کیوی ٹیم مینجمنٹ پرامید ہے کہ کھلاڑی جلد فٹ ہو جائیں گے، یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ جو ٹیم بھی یہ میچ ہارے گی اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہوجائیں گے۔

متعلقہ خبریں