نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ میں انجرڈ فاسٹ بولر میٹ ہینری کے متبادل کے طور پر کائل جمیسن کو طلب کرلیا۔
گزشتہ روز بھارتی شہر پونے میں ہونے والے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز سے شکست دے کر کیویز کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن اس میچ کے دوران بلیک کیپس کے کچھ مزید کھلاڑی انجرڈ ہوگئے۔
جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کچھ اوورز کروانے کے بعد انجری کا شکار ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنے بقیہ اوورز بھی نہیں کروائے تھے جب کہ آخری لمحات میں کیوی آل راؤنڈر جیمی نیشم بھی ان فٹ ہوگئے تھے۔
دراصل میٹ ہنری جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف صرف 5 اشاریہ تین اوور کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان کیخلاف میچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ کی مشکلات میں اضافہ
رپورٹ کے مطابق میٹ ہنری اس وقت ٹیم کے ساتھ ہی موجود ہیں اور وہ ہیمسٹرنگ انجری کی رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ نے ان کے متبادل کےطور پر فاسٹ بولر کائل جمیسن کو طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کائل جمیسن ورلڈکپ کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ انجرڈ فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کے کور کے طور پر موجود تھے جو آج رات بنگلورو پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے اور ممکنہ طور پر وہ ہفتہ کو پاکستان کے خلاف کیوی اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
اس موقع پر کیوی کوچ کا کہنا تھا کہ میٹ ہینری کی رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں اور لوکی فرگوسن بھی اس وقت انجری کا شکار ہیں لہذا ہم نے متبادل کے طور پر ایک اور فاسٹ بولر کو طلب کرلیا کیوں کہ ہم پاکستان کے خلاف میچ کے لیے کسی بھی بولر کی کمی کا رسک نہیں لے سکتے۔
واضح رہے کہ کیوی کھلاڑی لوکی فرگوسن، مارک چیپمین اور کین ولیمسن پہلے ہی انجریز سے دوچار ہیں۔


















