Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاداب کی جگہ ابرار احمد کو شامل کیے جانے کا امکان

قومی ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان ابھی تک اپنی انجری سے مکمل نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں لہذا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ان کے متبادل پر غور ہورہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق شاداب خان ایک سال کے دوران تیسری بار کنکشن کا شکار ہوئے ہیں، ان کی کنکشن انجری کا آج جائزہ لیا جائے گا، اگر شاداب فٹ نہ ہوسکے تو ان کی جگہ مسٹری اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

شاداب خان جنوبی افریقا کےخلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انجرڈ ہوگئے تھے جس کے بعد ان کے اسامہ میر کو ان کے متبادل کے طور پر میدان میں اتارا گیا تھا اور انہوں نے میچ میں دو وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری  کے متبادل کے طور پر طول قامت فاسٹ بولر کائل جیمی سن کو بھارت بلالیا گیا ہے اور آئی سی سی نے میٹ ہینری کے متبادل کی منظوری بھی دے دی ہے۔

اس کے علاوہ کیوی کھلاڑی لوکی فرگوسن، مارک چیپمین اور کین ولیمسن پہلے ہی انجریز سے دوچار ہیں۔

ادھر بنگلورو میں ہفتے کی دوپہر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم ہفتے کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ ہونا ہے جو صبح ساڑھے10 بجے شروع ہوگا۔

 

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان معرکہ کوارئٹر فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، اگر پاکستان کو ٹاپ فور کے لیے کوالیفائی کرنا ہے تو انہیں کیویز کے خلاف لازمی فتح درکار ہے جس کے بعد قومی ٹیم کو انگلینڈ کو بھی زیر کرنا ہوگا اور پھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان رن ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں