Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلون سیموئلز پر 6 سال کی پابندی عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر مارلون سیموئلز پر 6 برس کی پابندی عائد کر دی۔

ویسٹ انڈیز کو 2012 اور 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے مارلون سیموئلز کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی جانب سے 6 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

2012 اور 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مارسل سیموئلز سب سے زیادہ اسکور کرنے والے ویسٹ انڈین بلے باز تھے جب کہ انہوں نے آخری میچ 2018 میں کھیلا تھا لیکن وہ 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے سابق چیمپئن بلے باز مارلون سیموئلز پر پابندی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عائد کی۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈین کے سابق کھلاڑی مارلون سیموئلز 2019 میں ابو ظبی ٹی 10 لیگ میں کرناٹکا ٹسکرز کا حصہ تھے تاہم انہوں نے میچز نہیں کھیلے تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارلون سیموئلز پر ستمبر 2021 پر 4 الزامات عائد کیے گئے تھے اور رواں برس اگست میں مارلون سیموئلز جرم کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈز کے سربراہ ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ مارلن سیموئلز تقریباً دو دہائیوں تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلے ہیں اور انہیں تمام قواعد و ضوابط کا بخوبی علم ہے، گوکہ وہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان پر پابندی ایک واضح پیغام ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔

واضح رہے کہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کا کیرئیر تنازعات سے بھرپور رہا اور 2008 میں بھی مارلن سیموئلز پر رقم اور فوائد لینے کا جرم ثابت ہونے پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں