افغانستان کے اسٹار کرکٹر راشد خان آسٹریلن ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
بگ بیش لیگ کے مطابق افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان رواں سال ہونے والے ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔
راشد خان بی پی ایل 13 میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن وہ کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے ہیں اور انجری کی وجہ سے لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز انتظامیہ نے بھی افغان لیگ اسپنر راشد خان کے بی پی ایل 13 سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ راشد خان کمر کی انجری کا شکار ہیں اور وہ سرجری کروائیں گے جس کی وجہ سے وہ رواں سیزن میں ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے اور ان کی غیر موجودگی ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے۔
اس کے علاوہ میلبرن اسٹارز کے ہیری بروک بھی ورک لوڈ کی وجہ سے بی بی ایل سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ تاہم ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی جانب سے اب تک دونوں کھلاڑیوں کے متبادل کے اعلان نہیں کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ راشد خان نے 2017 میں بی پی ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ 69 میچز میں اب تک 98 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔


















