ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2022 میں پہنی گئیں جرسیاں نیلام کرنے کا اعلان کر دیا۔
لیونل میسی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022 میں پہنی گئیں اپنی 6 جرسیاں نیلام کرنے کا اعلان کردیا۔
لیونل میسی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’’ان 6 جرسیوں میں وہ شرٹ بھی شامل ہے جو میں نے ورلڈکپ فائنل میں فرانس کے خلاف پہنی تھی‘‘۔ میسی کی جرسیوں کی نیلامی کے لیے 30 نومبر سے 14 دسمبر تک بولی آن لائن جمع کروائی جاسکتی ہے۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق لیونل میسی کی جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیلوں کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامی ہوگی۔
36 سالہ میسی نے سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن اسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کسی بھی اسپورٹس مین کی سب سے مہنگی جرسی کی نیلامی کا ریکارڈ سابق امریکی باسکٹ بال پلیئر مائیکل جارڈن کے پاس ہے۔ 1998 میں این بی اے فائنل میں پہنی گئی مائیکل جارڈن کی جرسی گزشتہ برس ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔
سب سے مہنگی فٹبالر کی جرسی کی نیلامی ارجنٹائن کے آنجہانی فٹبالر میراڈونا کی ہوئی تھی، جن کی 1986 میں انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ کواٹر فائنل میں پہنی گئی جرسی گزشتہ سال 93 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔


















